Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

وزیراعظم کا لوڈشیڈنگ پر اظہارِ برہمی، بندش کا دورانیہ 2 گھنٹے تک محدود رکھنے کی ہدایت

اسلام آباد، 11 ستمبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے صورت حال پر اظہارِ برہمی کیا اور متعلقہ حکام کو بجلی کی بندش کا دورانیہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ نہ ہونے دینے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے یہ ہدایات جمعہ کو ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ خطے کی موجودہ صورت حال، آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (RLNG) کی ترسیل میں درپیش مشکلات کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی آئی ہے۔ بجلی کی پیداوار میں کمی کے نتیجے میں طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔

وزیراعظم نے علاقائی صورت حال اور مستقبل کی توانائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آر ایل این جی کی فراہمی میں پیدا ہونے والی رکاوٹ دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے دستیاب تمام وسائل مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کسی بھی علاقے میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دو گھنٹے سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے بجلی کی فراہمی اور دیگر متعلقہ مسائل سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کی سطح پر صارفین کی شکایات کے ازالے کی کمیٹیاں قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شکایات کے ازالے کے لیے قائم کی جانے والی کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی بھی شامل کی جائے اور انہیں ایک ہفتے کے اندر فعال کیا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی کے صارفین اپنی شکایات ہیلپ لائن 118 کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔ شکایت درج ہونے کے بعد صارف کو ٹوکن نمبر کے ساتھ اس کے ازالے کے لیے متوقع وقت سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس وقت مون سون بارشوں کے باعث ملک بھر میں بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سامنا کرنے والے صارفین میں صرف ضلع راجن پور کے چھ صارفین شامل ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More