Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

اوچ پاور پلانٹ اہم قومی تنصیب، سکیورٹی میں غفلت برداشت نہیں ہوگی، ڈپٹی کمشنر نصیرآباد

نصیرآباد، 11 ستمبر: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل سے اوچ پاور پلانٹ کے پبلک ریلیشنز آفیسر محمد طارق خان جمالی نے ملاقات کی، جس میں پاور پلانٹ کی موجودہ صورتحال، سکیورٹی انتظامات اور مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے موقع پر قادر خان کھوسہ، منظور شیرازی اور دیگر بھی موجود تھے۔

محمد طارق خان جمالی نے ڈپٹی کمشنر کو اوچ پاور پلانٹ کی اہمیت، تنصیب کے اطراف موجودہ سکیورٹی صورتحال، حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے حوالے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے پاور پلانٹ میں سکیورٹی کے لیے کیے جانے والے اقدامات، سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی اور دیگر حفاظتی انتظامات کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ اوچ پاور پلانٹ ایک اہم قومی تنصیب ہے، جس کی حفاظت اور سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام حفاظتی اقدامات کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اہم تنصیبات کی سکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ عوامی اور قومی اہمیت کی تنصیبات کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More