راولپنڈی، 14 ستمبر 2026: لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سکیورٹی کی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی کے شعبے میں پاک لبنان تعاون مزید بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لبنانی وزیر داخلہ اپنے دو روزہ دورہ پاکستان کے دوران جی ایچ کیو پہنچے جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے اور ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے علاقائی سلامتی کے بدلتے ہوئے منظرنامے اور پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مشترکہ مفاد کے شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔