کٹھمنڈو: نیپال میں تباہ کن سیلاب کے بعد ملبے تلے دب جانے والے ایک بینک سے پولیس نے سونا، نقد رقم اور اہم دستاویزات برآمد کر لی ہیں، جن کی مجموعی مالیت سینکڑوں ملین نیپالی روپے بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے کرشی وکاس بینک کی تریشولی ڈھونگے برانچ کے ملبے میں کئی گھنٹے تک تلاش جاری رکھی، جس کے بعد تباہ شدہ عمارت کے نیچے دبے ہوئے لاکرز کا سراغ ملا۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب شدید سیلاب کے باعث متاثرہ علاقوں میں متعدد عمارتیں اور گاڑیاں کئی فٹ ملبے اور کیچڑ تلے دب چکی ہیں۔
ملبے سے بینک لاکرز برآمد
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے لاکرز میں تقریباً 500 ملین نیپالی روپے مالیت کا سونا، قریب 15 ملین نیپالی روپے نقد رقم اور متعدد اہم دستاویزات موجود تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام قیمتی اشیا اور دستاویزات کو جائے وقوعہ سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے جاری ویڈیو میں اہلکاروں کو بینک کے تہہ خانے تک رسائی کے لیے ملبہ ہٹاتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ تباہ شدہ عمارت سے لاکرز نکالنے کے لیے بھاری مشینری بھی استعمال کی گئی۔
سیلاب سے نیپال کے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، جہاں متعدد عمارتیں اور گاڑیاں بڑی مقدار میں کیچڑ اور ملبے تلے دب گئی ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں قائم کئی بینکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔